ڈبلیو ایچ او

ڈبلیو ایچ او کا پاکستان میں جعلی بلڈ کینسر ادویات کا انکشاف، ڈریپ کا الرٹ جاری

اسلام آباد(ہیلتھ نیوز )عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے پاکستان میں جعلی بلڈ کینسر ادویات کی موجودگی کے حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان(ڈریپ)کو خبردار کر دیا۔میڈیارپورٹ کےمطابق ، ڈبلیو ایچ او نے ڈریپ سے رابطہ کرتے ہوئے جعلی کینسر ادویات سے متعلق میڈیکل پراڈکٹ الرٹس بھجوائے، جس پر ڈریپ نے جعلی ادویات کے خلاف ریپڈ الرٹ جاری کر دیا۔ ڈریپ کے مطابق معروف برانڈز کے نام پر تیار کی گئی جعلی ڈرزالیکس انجکشن اور جاکاوی ٹیبلٹس سامنے آئی ہیں، ڈریپ نے ڈرزالیکس انجکشن 400 ملی گرام کے بیچ STV1K01، 100 ملی گرام کے بیچ MYS7381 جبکہ جاکاوی ٹیبلٹ 20 ملی گرام کے بیچ AVT50، 15 ملی گرام کے بیچ FNR06 اور 10 ملی گرام کے بیچ SGL04 کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق مذکورہ ادویات بلڈ کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں، متاثرہ بیچز کو سیل کرنے اور ان کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جعلی ڈرزالیکس انجکشن کے متاثرہ بیچز مالدیپ اور میکسیکو میں ٹریس ہوئے، جبکہ پیکنگ پر جانسن کیلاگ بیلجیئم کا پتہ درج تھا، کمپنی نے متاثرہ بیچز کو جعلی قرار دیا ہے۔

اسی طرح جعلی جاکاوی ٹیبلٹس کی پیکنگ پر نووارٹس فارما سوئٹزرلینڈ کا پتہ درج تھا، تاہم کمپنی نے بھی متاثرہ بیچز کو جعلی قرار دیا، ڈریپ کے مطابق جعلی ادویات ٹیسٹنگ معیار پر پورا نہیں اتریں، سیمپلز میں خام مال کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ ڈرزالیکس انجکشن کے ایک سیمپل میں غیر متعلقہ ذرات بھی پائے گئے۔ ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ جعلی ادویات کی افادیت غیر واضح ہے اور ان کا استعمال جان لیوا ہو سکتا ہے، ڈریپ نے ریگولیٹری فورس اور صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹس کو نگرانی بڑھانے جبکہ ڈسٹری بیوٹرز اور میڈیکل اسٹورز کو جعلی کینسر ادویات کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں