شنگھائی (نیوز ڈیسک)چین اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی پر زور دیا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی پر زور دیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مسئلے کے پرامن حل کیلئے دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے، تمام فریقین اپنے کیے گئے وعدوں پر عملدر آمد یقینی بنائیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی پر عملدرآمد کیا جائے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ملاقات میں ملاقات میں آل ویدراسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مزید فروغ کے مشترکہ عزم کااعادہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں سی پیک ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، فریقین نے تازہ ترین علاقائی وعالمی پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔