ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے ان کے تعلق کو اس وقت بھانپ لیا تھا جب دونوں نے خود بھی اس کا اعتراف نہیں کیا تھا۔دونوں حال ہی میں نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے تعلق سے متعلق دلچسپ یادیں شیئر کیں۔سوناکشی سنہا نے بتایا کہ سلمان خان نے دونوں کی پہلی ملاقات اپنی ایک پارٹی میں کروائی تھی، وہ ہمارے درمیان بڑھتی قربت کو بخوبی محسوس کر چکے تھے۔
اداکارہ کے مطابق ہم دونوں کے درمیان سب کچھ واضح تھا اور سلمان خان اتنے سادہ نہیں ہیں کہ انہیں کچھ سمجھ نہ آئے، جب بھی وہ مجھ سے پوچھتے، میں یہی کہتی کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔سوناکشی نے بتایا کہ ایک دن سلمان خان نے مجھے بلا کر کہا کہ دیکھو، ایک دن تم دونوں کا بریک اپ ہو گا، تم یہاں آ کر رو گی اور وہ وہاں آ کر روئے گا، میں تم دونوں سے محبت کرتا ہوں، اس لیے میں کسی ایک کا ساتھ نہیں دینا چاہتا۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی یہ بات سن کر ہم دونوں حیران رہ گئے کیونکہ انہوں نے ہمارے رشتے کا اندازہ پہلے ہی لگا لیا تھا۔ظہیر اقبال نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انہیں کچھ بتایا بھی نہیں تھا، لیکن سلمان خان کو پہلے ہی سب معلوم ہو چکا تھا۔