آکلینڈ (سپورٹس نیوز)امریکا کی میجر لیگ کرکٹ(ایم ایل سی) 2026 کے ایلیمینیٹر میں واشنگٹن فریڈم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔آکلینڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں مجموعی طور پر 51 چھکے لگے جبکہ پہلی بار کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ایم آئی نیویارک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔
نکولس پوران نے صرف 31 گیندوں پر شاندار سنچری بنا کر ایم ایل سی کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ کیرون پولارڈ نے 25 گیندوں پر 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں ایک ہزار چھکوں کا سنگ میل بھی عبور کیا۔رچن رویندرا نے چار وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو مزید بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
جواب میں واشنگٹن فریڈم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں، تاہم آندریس گوس اور اسٹیو اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 241 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ دونوں نے 40، 40 گیندوں پر سنچریاں مکمل کیں۔ اس طرح گوس ایم ایل سی میں سنچری بنانے والے پہلے امریکی بلے باز بھی بن گئے۔واشنگٹن نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر آٹھ گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا اور ایلیمینیٹر 2 میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ سان فرانسسکو یونی کارنز سے ہوگا۔