میٹرک بورڈ کراچی

میٹرک بورڈ کراچی کے نتائج پر سوالات اٹھ گئے، لاکھوں طلبہ ذہنی اذیت میں مبتلا

کراچی(ایجوکیشن ڈیسک) میٹرک بورڈ کے گزشتہ روز جاری کیے گئے نتائج پر سوالات اٹھ گئے، جہاں سرور ڈان اور ڈیٹا میں سنگین خامیاں جبکہ درجنوں طلبہ کو غیر حاضر قرار دینے کے دعووں پر والدین نے سوشل میڈیا پر شدید احتجاج کیا گیا۔ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد آئی ٹی سسٹم کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے۔نتائج جاری ہوتے ہی بورڈ کا سرور بار بار ڈان ہوتا رہا جس کے باعث ہزاروں طلبہ اور والدین کو اپنے نتائج معلوم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نتائج کے اجرا کے بعد متعدد طلبہ کے ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیاں بھی سامنے آئیں۔ کئی طلبہ کے نام درست جبکہ رول نمبر غلط ظاہر ہوئے، بعض کے رول نمبروں کے ساتھ والد کا نام یا دیگر کوائف تبدیل نظر آئے، جبکہ کئی طلبہ نے ایک ہی رول نمبر پر مختلف اوقات میں الگ الگ نتائج دیکھے۔بعض مواقع پر طالب علم پہلے پاس، بعد ازاں فیل یا غیر حاضر ظاہر ہوا، جس سے نتائج کی شفافیت پر سوالات کھڑے ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سیکڑوں طلبہ کی رول نمبر سلپس بھی سرور پر درست طریقے سے اپ لوڈ یا اندراج نہیں کی گئیں، جس کے باعث ان کے اصل نتائج واضح نہیں ہو سکے۔ذرائع کے مطابق نتائج میں سامنے آنے والی خامیوں پر آئی ٹی ڈپارٹمنٹ ناظمِ امتحانات اور چیئرمین بورڈ کو بھی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں