کراچی (کرائم رپورٹر )کراچی کے علاقے نیپئیر سے 6 سال کے بچے کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق بچےکو زیادتی کے بعد قتل کیاگیا، ملزم کوگرفتارکیا ہے جو کہ بچے کا پڑوسی ہے،کمسن ولی کو گھر کے باہر سے پیر کی شام اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہناہے کہ بچے کی بوری بند لاش کو تحویل میں لےکر پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حتمی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہو سکے گا۔
بچے کی والدہ نے کہا کہ بچے کی مسخ شدہ لاش بوری میں بندکر کے 3منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ دو دن سے بچے کو ڈھونڈ رہے تھے، واردات پڑوسی کے گھر میں انجام دی گئی، ہمیں ملزم نے گھر میں داخل نہیں ہونے دیا، ملزم ہمارے ساتھ بچے کو ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کرتا رہا۔والد نے کہاکہ وہ رکشہ ڈرائیور ہے، چار بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا، مقتول 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔اہل خانہ نے اعلی حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اہل علاقہ کا دعوی ہےکہ ملزم حمزہ کو اپنی مدد آپ کے تحت پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔