اسلام آباد(ہیلتھ نیوز )حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کے خلاف قومی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے بروقت تشخیص اور مفت علاج کے ذریعے پاکستان کو ہیپاٹائٹس فری بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیرصحت مصطفی کمال کی زیرصدارت وزیراعظم پروگرام برائےہیپاٹائٹس سی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں بیماری کے خاتمے کےئے جاری اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔
مصطفی کمال نے کہاکہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی بروقت نشاندہی اور علاج سے بیماری کے پھیلا ﺅکوموثرانداز میں روکاجاسکتا ہے,پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے ایک کروڑ سے زائدمریض موجود ہیں اورملک کو ہیپاٹائٹس فری بنانا،حکومت کا قومی عزم ہے،یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کومحفوظ بنانے کی ایک اہم مہم ہے،مصطفی کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی پروگرام کی کامیابی میں پمز اور پولی کلینک اسپتال کلیدی کردار ادا کریں گے،ہیپاٹائٹس سی ایک قابل علاج مرض ہے اور اسکے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ پوری قوم کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔