ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن اور ان کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کی طلاق کے بعد گزشتہ کئی برسوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سوزین خان نے ہریتھک روشن سے 400 کروڑ روپے کی رقم وصول کی تھی۔ اب سوزین خان کی بہن اور معروف جیولری ڈیزائنر فرح خان علی نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہریتھک روشن اور سوزین خان کی علیحدگی باہمی رضامندی سے ہوئی تھی اور دونوں نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل وقت کو بہت سمجھداری اور وقار کے ساتھ سنبھالا۔فرح خان علی نے افواہوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،میں ریکارڈ پر ایک بات کہنا چاہتی ہوں کہ کبھی بھی 400 کروڑ روپے کا کوئی لین دین نہیں ہوا تھا، جب میں انٹرنیٹ پر لوگوں کو یہ کہتے ہوئے دیکھتی ہوں کہ اتنے پیسے دیے گئے اور سوزین امیر ہو گئی تو دل سے تکلیف ہوتی ہے۔ یہ سراسر جھوٹ ہے۔