اسلام آباد ہائیکورٹ

نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس ایم ٹیگ پر 50 فیصد جرمانہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) نان ایم ٹیگ اور ایم ٹیگ گاڑیوں میں کم بیلنس ہونے پر 50 فیصد اضافی ٹول، جرمانہ عائد کرنے کے اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔وکیل محمد جلال حیدر نے این ایچ اے کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ این ایچ اے نے 30 مئی 2025 کو جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والے ایم ٹیگ صارفین پر 50 فیصد اضافی ٹول بطور جرمانہ عائد کیا، جو قانون سے متصادم ہے۔

درخواست گزار کے مطابق این ایچ اے ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت صرف ٹول ٹیکس وصول کیا جا سکتا ہے، جبکہ قانون میں نہ نان ایم ٹیگ گاڑیوں پر جرمانے کا کوئی ذکر ہے اور نہ ہی کم بیلنس والے ایم ٹیگ صارفین پر اضافی چارجز عائد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ این ایچ اے کا اقدام آئین کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، اس لیے 30 مئی 2025 کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مذکورہ نوٹیفکیشن کے تحت عوام سے وصول کی گئی اضافی جرمانے کی رقم واپس کرنے کا حکم دیا جائے، جبکہ ایم ٹیگ بیلنس اور اس کے استعمال سے متعلق مکمل طریقہ کار کی تفصیلات بھی این ایچ اے سے طلب کی جائیں۔یہ درخواست یحیی فرید خواجہ نے ایڈووکیٹ محمد جلال حیدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں