کراچی (کرائم رپورٹر )کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بزرگ شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے اور رواں سال کے دوران ڈاکوﺅ ں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 39 اور جبکہ درجنوں افراد ڈاکووں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو ایف دعا چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ عمران کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوع سے شواہد حاصل کرلئے ہیں۔
ایس ایچ او بلال کالونی راو شبیر نے بتایا کہ واقعہ موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، ڈاکو مقتول کا موبائل فون بھی چھین کر لے گئے ہیں جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ڈاکووں کی شناخت میں مدد مل سکے۔پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ اہم شواہد ملے ہیں جن کی مدد سے ڈاکووں کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا تاہم پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب بلدیہ ٹاون 4 نمبر پٹنی اسپتال کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت 75 سالہ فقیر محمد اور 18 سالہ حسین کے نام سے کی گئی۔بلدیہ ٹاون پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ سے یش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ڈاکوں کی فائرنگ سے رواں سال کے دوران اب تک جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے اور درجنوں افراد ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہو چکے ہیں۔