کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والے مشہور عالمی ٹیلنٹ شو پاکستان گاٹ ٹیلنٹ نے اپنے پہلے سیزن کے ججز کا اعلان کر دیا ہے۔پینل میں گلوکار علی ظفر، اداکارہ مہوش حیات اور کامیڈین و میزبان تابش ہاشمی شامل ہیں۔شو کی انتظامیہ نے ججز کے نام اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر جاری کیے۔
سب سے پہلے تابش ہاشمی کو بطور جج متعارف کرایا گیا، جنہوں نے ملک بھر کے باصلاحیت افراد کو آڈیشنز میں شرکت کی دعوت دی۔ اس کے بعد مہوش حیات کو پینل میں شامل کیا گیا۔مہوش حیات نے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے ہر شہر و گاﺅں میں باصلاحیت افراد موجود ہیں، جنہیں اب اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔آخر میں گلوکار و اداکار علی ظفر کو پینل کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے امیدواروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے لیے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا وقت آ گیا ہے۔ججز کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور شو کے پہلے سیزن کے لیے عوام پرجوش ہیں۔