فیفا ورلڈکپ

فیفا ورلڈکپ ، کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی، پرتگال نے ازبکستان کو 0-5 سے شکست دےدی

ہیوسٹن،ٹورنٹو (سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کی بدولت پرتگال نے ازبکستان کو 0-5 سے شکست دے دی، کولمبیا نے ڈی آر کانگو کو شکست دے کر ناک آﺅٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ کروشیا نے پاناما کیخلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرکے ناک آﺅ ٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔

تفصیل کے مطابق ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے 2 گول اسکور کیے جس کی بدولت پرتگال نے ازبکستان کو 0-5 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ پرتگال نے پہلے ہی ہاف میں برتری دکھائی اور چھٹے منٹ میں 41 سالہ رونالڈو نے شاندار گول کر دیا۔ بعد ازاں 17ویں منٹ میں نونو مینڈس نے فری کک پر شاندار لو شاٹ مار کر اسکور 0-2 کر دیا۔29ویں منٹ میں ازبکستان نے طویل فاصلے سے شاندار گول کیا، مگر فال کی بنا پر گول منسوخ کر دیا گیا۔39ویں منٹ میں رونالڈو نے اپنا دوسرا گول کر کے پرتگال کی برتری 0-3 کر دی اور ٹیم کو ہاف ٹائم تک مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں پرتگال نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ازبکستان پر دباﺅ بڑھایا۔ 60ویں منٹ میں پرتگال نے چوتھا گول کیا۔ برونو فرنانڈز کے کارنر پر جوا فیلکس کی بیک ہیل کوشش کے بعد گیند لائن پر خوشانوف سے ٹکرا کر اپنے ہی جال میں چلی گئی، یوں بدقسمت اون گول ہوا۔87ویں منٹ میں رافائل لیا نے شاندار فنش کرتے ہوئے پرتگال کا اسکور 0-5 کر دیا۔ اضافی وقت میں رونالڈو ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے مگر آخری موقع ضائع ہو گیا اور میچ پرتگال کے مکمل کنٹرول کے ساتھ ختم ہوا۔ ادھر گروپ ‘کے’ کے میچ میں کولمبیا نے ڈی آر کانگو کو شکست دے کر ناک آﺅ ٹ مرحلے کےلئے کوالیفائی کرلیا۔کولمبیا نےکانگوکو 0۔1 سے شکست دی ، کولمبیا کی طرف سے واحد گول ڈینیل میونوز نے کھیل کے آخری چند لمحات میں کیا۔کولمبیا کے اسکور ٹیبل پر دو میچوں کے بعد چھ پوائنٹس ہیں اور وہ پرتگال کے خلاف اپنے آخری گروپ گیم سے پہلے ناک آﺅ ٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ ڈی آر کانگو کا ایک پوائنٹ ہے اور اسے ورلڈکپ کے ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچنے کے لئے ازبکستان کو شکست دینا ہوگی۔فیفا ورلڈکپ 2026 کے ایک اور میچ میں کروشیا نے پاناما کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔

کروشیا اور پاناما کے درمیان گروپ ایل کے اس اہم میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں کروشیا کی جانب سے آنتے بدیمیر نے 54ویں منٹ میں گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس اہم میچ میں فتح کے ساتھ ہی کروشیا کی فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناک آٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔اس شکست کے بعد پاناما ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ گروپ ایل میں اب ناک آٹ مرحلے میں انگلینڈ، گھانا اور کروشیا کے درمیان مقابلہ ہے۔کروشیا نے اب تک2 میچز میں 3 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور وہ گروپ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ کروشیا ہفتے کو فلاڈیلفیا میں اپنے آخری گروپ میچ میں گھانا سے مقابلہ کرے گا، جہاں فتح کی صورت میں وہ ٹاپ ٹو میں جگہ یقینی بنا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں