نرسز

پنجاب کی نرسز سے غیر قانونی رقوم بٹورنے کیلئے جعلی فون کالز کا انکشاف

لاہور(کرائم رپورٹر ) صوبہ پنجاب بھرمیں نرسز کو نشانہ بنانے والے ایک نئے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں جعلی کالرز تبادلوں، چھٹیوں اوراستعفوں کی منظوری کے نام پر سرکاری نرسز سے غیر قانونی رقوم بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

میڈیارپورٹ کے مطابق بعض نرسز مبینہ طورپر ان جعلی نمبرز پر رقم بھی منتقل کر چکی ہیں، جبکہ چند سرکاری اسپتالوں کی نرسز کے واٹس ایپ اکانٹس ہیک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق جعلی کالرزسرکاری امور نمٹانے یا منظوری دلوانے کے بہانے نرسز سے رقم طلب کر رہے ہیں، اور متعدد مشتبہ موبائل نمبرز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔محکمہ صحت نے تمام ٹیچنگ اسپتالوں، میڈیکل کالجز اور نرسنگ اداروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے نرسز کو خبردارکیا ہے کہ کسی بھی غیر مجاز فرد کو ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں۔ہدایت نامے میں کہاگیا ہےکہ نرسز کسی بھی مشکوک کال یا پیغام پر فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کریں اور کسی بھی قسم کے مالی لین دین سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں