اسلام آباد ہائیکورٹ

غیرملکی وفد کی آمد ، ریڈ زون بندش کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ اور وفاقی آئینی عدالت بندرہی ،ضلعی عدالتیں کھلی رہیں

اسلام آباد(کورٹ نیوز)غیرملکی وفد کی آمد کے باعث ریڈ زون بند ہونے سے اسلام آباد ہائیکورٹ اور وفاقی آئینی عدالت منگل کو بند رہی ۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی منظوری سے رجسٹرڈ محمد یار ولانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ منگل کے روز کازلسٹ منسوخ، افسران و اہلکاروں کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی جاتی ہے،

اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں کھلی ہوں گی اور معمول کے مطابق کام کریں گی، سائلین، وکلا اور عدالتی عملے کو ہائیکورٹ پہنچنے میں شدید مشکلات ہو سکتی ہیں۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی کارروائی نہیں ہوگی، افسران و اہلکار متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر سٹیشن نہیں چھوڑیں گے۔دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت میں کوئی عدالتی کارروائی نہیں ہوئی، عدالتی کام معطل ر ہا۔

وفاقی آئینی عدالت کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد پر تمام کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی، وفاقی آئینی عدالت کے روبرو مقرر تمام مقدمات کی سماعتیں ملتوی کر دی گئیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر 23 جون کو عدالتی کارروائی معطل رہے گی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹریاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی، عدالت کی تمام برانچ رجسٹریاں عدالتی و انتظامی امور کیلئے کام جاری رکھیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں