میکسیکو جنوبی کوریا

فیفا ورلڈ کپ،میکسیکو جنوبی کوریا کو شکست دے کر ناک آﺅٹ مرحلے میں جانے والی پہلی ٹیم بن گئی

میکسیکوسٹی،وینکوور،لاس اینجلس،اٹلانٹا (آئی این پی )فیفا فٹ بال ورلڈکپ2026میں گزشتہ روز کھیلے گئے مچیز میں میکسیکو نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی اور ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی،کینیڈا نے قطر کو 0-6 سے شکست دیکر ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح حاصل کرلی،سوئٹزر لینڈ نے بوسنیا کو 1-4 سے شکست دیکر اگلے راﺅنڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی،چیک ری پبلک اور جنوبی افریقا کا میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

میکسیکو اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ میکسیکو کے شہرگواڈالاجارہ میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے شکست دی۔میکسیکو کی جانب سے گول لوئس رومو نے کھیل کے 50 ویں منٹ میں کیا۔میکسیکو فیفا ورلڈ کپ کے ناک آﺅٹ مرحلے میں جانے والی پہلی ٹیم ہے، جس نے راﺅنڈ آف 32 میں اپنی جگہ محفوظ کر لی۔گروپ اے میں میکسیکو 2 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ادھر فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں کینیڈا نے قطر کو 0-6 کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس کے ساتھ میگا ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح بھی حاصل کرلی۔وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے قطر کو آﺅٹ کلاس کردیا۔ میچ کے 78 فیصد حصے میں گیند کینیڈا کے کھلاڑیوں کے پاس رہی جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ بھی اٹھایا۔پہلے ہاف میں 3 گول بنائے ۔کینیڈا کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز 16ویں منٹ میں لارین نے کیا۔ 29ویں اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔ وقفے پر مقابلہ 0-3 سے کینیڈا کے حق میں تھا۔

دوسرے ہاف میں بھی زیادہ تر کھیل قطر کے ڈی میں ہوا۔ 64ویں منٹ میں سلیبہ نے گول کیا۔ 75 ویں منٹ میں قطر کے کھلاڑی منائی کی اپنی ہی غلطی سے گیند ان ہی کی ٹیم کے جال میں چلی گئی ، یہ کینیڈا کا پانچواں گول تھا۔کھیل کے دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنی ہیٹ ٹرک اور کینیڈا کے لیے چھٹا گول اسکور کیا۔میچ کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کینیڈا کی پہلی فتح تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے 3 قیمتی اور 4 مجموعی پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں سوئٹزر لینڈ سے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔ سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کے باوجود برتری حاصل نہ کرسکیں۔وقفے پر مقابلہ صفر ، صفر سے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ کے حملوں میں تیزی آئی جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑیوں نے انجری ٹائم سمیت 23 منٹ میں 4 گول داغ دئیے۔2گول متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے اسکور کیے، ایک، ایک گول روبین ورگاس اور زاکا نے بنایا۔ا س دوران بوسنیا کے ایک کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کار ڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا جبکہ ان کی جانب سے واحد گول 93ویں منٹ میں محمک نے اسکور کیا۔میچ کا اختتام سوئٹزرلینڈ کی 1-4 کی جیت پر ہوا جس نے میچ کے 3 قیمتی اور مجموعی طور پر 4 پوائنٹس حاصل کرکے اگلے رانڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں چیک ری پبلک اور جنوبی افریقا کا میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

اٹلانٹا میں گروپ اے کی دونوں ٹیمیں جنوبی افریقا اور چیک ری پبلک پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلا پوائنٹ حاصل کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں ۔چیک ری پبلک نے میچ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے چھٹے منٹ میں میکال سیڈیلیک کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو ہاف ٹائم پر برقرار رہی۔83ویں منٹ میں چیک ری پبلک کے کھلاڑی پاویل شلتس کے باکس میں ہینڈ بال پر ریفری نے جنوبی افریقا کو پنالٹی دی۔ ٹیبوہو موکوینا نے پنالٹی پر گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کردیا۔موکوینا کے فیصلہ کن گول نے جنوبی افریقا کی ورلڈ کپ امیدوں کو برقرار رکھا، جبکہ دونوں ٹیمیں ابتدائی میچ میں شکست کے بعد اس بار ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ میدان سے واپس گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں