طالبہ قتل

جھنگ میں 17 سالہ طالبہ قتل کیس، اہلخانہ کے تحفظات دور، پولیس کی جلد انصاف کی یقین دہانی

جھنگ(کرائم رپورٹر )صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں 17 سالہ طالبہ کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت ، اہلخانہ کا کہناہے کہ پولیس سے متعلق ہمارے تحفظات تھے، جوبات چیت کے بعد دورہوگئے ہیں۔

مقتولہ کے اہلخانہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ساجد حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پولیس کی تفتیش سے متعلق بعض تحفظات تھے، تاہم پولیس حکام سے تفصیلی بات چیت کے بعد ان کے تحفظات دور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں جلد انصاف کی فراہمی اور شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعلی پنجاب اور ان کی پوری ٹیم پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کیس کی تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ اور حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے کی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ڈی پی او ساجد حسین کا کہنا تھا کہ “یہ ہماری بھی بیٹی ہے اور اس کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں