کراچی (کورٹ نیوز ) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں کراچی کے 25 ٹاﺅ نز کے ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جس کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کا معاملہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔
دورانِ سماعت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عدالت کو مطلع کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن واجبات کی مکمل ادائیگی کےلئے 9 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم درکار ہے۔کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس نئی صورتحال اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے اور معاملے پر ڈائریکٹر ویلفیئر نے حکومتِ سندھ کو سمری بھی ارسال کر دی ہے۔کے ایم سی کے وکیل نے استدعا کی کہ فنڈز کی اس نئی صورتحال کے بارے میں صوبائی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔
سماعت کے دوران کے ایم سی فنانس ڈیپارٹمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں ٹاﺅ ن میونسپل کارپوریشنز کے پنشنرز کو ماہانہ پنشن کی ادائیگی باقاعدگی سے جاری ہے، تاہم ماہانہ پنشن کے لیے مختص رقم سے ریٹائرمنٹ کے بقایا جات اور واجبات ادا کرنا ممکن نہیں ہے، اس کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ فنانس حکومتِ سندھ سے ٹی ایم سیز کو فنڈز کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔عدالت نے محکمہ فنانس اور حکومتِ سندھ کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ 18 جون کو ہونے والی اگلی سماعت پر ہر صورت عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔