لاہور (کورٹ نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راو سردار علی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا ۔ ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے تقریبا چار سال پرانی درخواست کو 16 جون کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کر دی ۔
جسٹس طارق محمود باجوہ درخواست گزار سائلہ زبیدہ بی بی کی دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انہیں انصاف کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سائلہ زبیدہ بی بی نے 24 مارچ 2022 کو اس وقت کے آئی جی پنجاب راو سردار علی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود متعلقہ حکام نے مقررہ کارروائی عمل میں نہیں لائی اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور مبینہ طور پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر اس وقت کے آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔