میکسیکو سٹی(سپورٹس نیوز) جنوبی کوریا نے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ اے کے افتتاحی میچ میں چیک ریپبلک کو 2-1 سے شکست دے دی.جنوبی کوریا کے متبادل کھلاڑی اوہ ہیون گیو نے 80ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے میچ کا پانسہ پلٹا۔
میچ کے آغاز میں جنوبی کوریا کے کپتان سون ہیونگ من نے کئی اچھے مواقع ضائع کیے، جس کے بعد چیک ٹیم نے کھیل کے بہا کے برعکس 59ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ کپتان لاڈی سلاو کریچی نے لانگ تھرو اِن پر ہیڈر کے ذریعے گول کیا۔تاہم یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور آٹھ منٹ بعد ہوانگ اِن بیوم نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو گول کیپر کے اوپر سے جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کر دیا۔چیک رپبلک نے 77ویں منٹ میں دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن توماس سوسیک کا ہیڈر آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔
اس کے فورا بعد جنوبی کوریا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے سبقت حاصل کر لی، جب ہوانگ اِن بیوم کے پاس پر اوہ ہیون گیو نے قریب سے گیند جال میں پہنچا دی۔گروپ اے میں میزبان میکسیکو جنوبی افریقہ کو 2-0 سے شکست دے کر سرفہرست ہے۔ جنوبی کوریا اگلے میچ میں میکسیکو کا سامنا کرے گا، جبکہ چیک جمہوریہ کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔