کراچی (کرائم رپورٹر) کوکین کوئن انمول پنکی کے بعد ایک اور کوکین گینگ کے سرغنہ “شاہ فہد کو گرفتار کرلیا گیا، شاہ فہد کوکین اور ویڈ کی فروخت کے بڑےدھندے میں ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انمول پنکی کی گرفتاری کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات کے بین الاقوامی اور ہائی پروفائل نیٹ ورکس کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر میں کوکین اور ویڈ سپلائی کرنے والے ایک اور گینگ کے سرغنہ “شاہ فہد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار کوکین ڈیلر شاہ فہد کا نیٹ ورک انتہائی بااثر اور پوش حلقوں تک پھیلا ہوا ہے، اس کا نام حال ہی میں ایک معروف اور نامور اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور اس سے ہونے والی تفتیش کے دوران سامنے آیا تھا، جس کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کی گرفتاری کے لیے متحرک تھے۔
شاہ فہد شہر میں کوکین اور ویڈ کی فروخت کے ایک بہت بڑے اور منظم دھندے میں ملوث ہے، ملزم روایتی طریقوں کے بجائے جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتا تھا اور کراچی کے پوش علاقوں میں ہونے والی نجی ڈانس پارٹیوں اور دیگر تقاریب میں آن لائن منشیات سپلائی کرنے کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زیرِ حراست ملزم شاہ فہد سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس میں مزید خریداروں اور نیٹ ورک کے کارندوں کے حوالے سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔