فیصل آباد،حیدر آباد (ہیلتھ نیوز )فیصل آباد میں زہریلی بریانی کھانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی طبیعت خراب ہو گئی۔پولیس کے مطابق متاثرہ افراد میں میاں، بیوی اور تین کمسن بچے شامل ہیں۔ متاثرہ افراد نے مقامی ہوٹل سے لائی گئی بریانی کھائی، جس میں سے چھپکلی برآمد ہوئی، متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ افراد میں 35 سالہ بلال، اسکی اہلیہ ثمینہ، آٹھ سالہ بیٹا فیضان، چار سالہ مریم اور چھ سالہ دعا شامل ہیں۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رضا آباد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی شروع کردی۔دوسری جانب صوبہ سندھ میں حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں شادی کی تقریب کا بچا ہوا کھانا درجنوں افراد کےلئے بیماری کا سبب بن گیا، جہاں مبینہ طور پر کسٹرڈ کھانے کے بعد 107 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔
اسپتال حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں کم عمر بچے، نوجوان اور بڑی عمر کے افراد شامل ہیں۔ متاثرین کو الٹی، پیٹ درد اور طبیعت بگڑنے کی شکایات کے بعد قاسم آباد تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر کے اضافی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ میں نے کسٹرڈ کھایا تھا، اس کے بعد الٹی ہوئی اور پیٹ میں شدید درد شروع ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں فوڈ پوائزننگ کی وجہ کسٹرڈ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ پکوان سینٹر کی جانچ کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈی ایچ او ڈاکٹر پیر غلام حسین کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم انہیں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ حکام واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔