اسلام آباد(کورٹ نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس اکاﺅ نٹ بند کرنے کی درخواست میں تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاﺅنٹ بند کرنے کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہ ہونے پر بیرسٹر گوہرعلی خان کو بطور چیئرمین پی ٹی آئی دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز ایڈووکیٹ غلام مرتضی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران بانی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری اور مرتضی طوری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ جیل سے کون آیا ہے؟ بشری بی بی کیس میں فیصلہ دیا ہے وہ پڑھ لیں۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کے لا افسر سے بھی کہا کہ (ایڈووکیٹ جنرل) اے جی سے بھی کہیں ہمارا فیصلہ پڑھ لیں، اگر وہ ملاقاتوں کا غلط استعمال کرتے ہیں تو پھر کیا کرنا ہے یہ بھی فیصلے میں بتایا ہے۔
عدالت نے این سی سی آئی اے کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے سب انسپکٹر سے کہا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے آئندہ لا افسر عدالت پیش ہو۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی اے وکیل سے کہا کہ ہم آئندہ سماعت کے لئے سوالات فریم کریں گے آپ نے ان کے جواب دینے ہیں،آپ بطور ریگولیٹر کیا کر سکتے ہیں وہ بتانا ہے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔