کراچی(کرائم رپورٹر)منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات اور قتل کے مقدمات میں پیش رفت،سیشن عدالت جنوبی میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف گاڑدن تھانے میں منشیات کے مقدمہ کے حوالے سے سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملزمہ کے سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ موخر کردیا ۔ضمانت پر فیصلہ فاضل جج کی رخصت کے باعث ایک روز کےلئے موخر کیا گیا ۔قبل ازیں ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان کی جانب سے ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
وکیل صفائی کا اس حوالے سے موقف ہے کہ ملزمان کا انمول عرف پنکی کے اس فعل سے کوئی تعلق نہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف تھانہ گارڈن میں مقدمہ درج ہے۔دریں اثنا انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے میں پولیس نے عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا ۔
پولیس کے عبوری چالان میں مدعی مقدمہ، لاش کا معائنہ کرنے والے، ایمبولینس ڈرائیور اور ایف آئی آر درج کرنے والے اہلکار کو گواہ بنایا گیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق عبوری چالان کی غلطیاں حتمی چالان میں دورکردی جائیں گی۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے عبوری چالان میں سنگین غلطیوں کی نشاندہی کی تھی۔