منامہ(نیوز ڈیسک )بحرین نے اپنی سرزمین اور ہمسایہ ملک کویت پر ہونے والے تازہ ترین ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج کے دونوں ممالک نے ایران کی طرف سے داغے گئے سات میزائلوں کو فضا ہی میں ناکام بنا دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق بحرین کی وزارتِ خارجہ نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اسے مملکتِ بحرین اور ریاستِ کویت کے خلاف ایرانی جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سکیورٹی میزائلوں سے بنتی ہے اور نہ ہی بارودی سرنگیں بچھا کر استحکام کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔بحرینی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ کھلی جارحیت دونوں ممالک کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان میزائلوں کو راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا اور ساتھ ہی ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے لیجی ہمسایہ ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرے۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز اور خلیجی عرب اتحادیوں کی طرف داغے گئے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو مار گرانے کا دعوی کیا۔
جواب میں امریکی فوج نے ایران کی ساحلی نگرانی کے کچھ ریڈار سائٹس کو بھی نشانہ بنایا۔ اس تازہ ترین فائرنگ کے تبادلے نے تہران کے ساتھ پہلے سے ہی متزلزل جنگ بندی کو مزید کمزور کر دیا ہے