لاہور (ایجوکیشن ڈیسک)پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک نے کامن ویلتھ یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے اشتراک سے ایک بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے تحت طلبہ کو دو ورچوئل کورسز کرائے گئے۔ اس منصوبے کی قیادت شعبہ سوشل ورک کی ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر سونیا عمرنے کی۔
اس اقدام کے ذریعے طلبہ کو امریکہ کی ایک جامعہ سے بین الاقوامی تعلیمی تجربات اور سیکھنے کے قیمتی مواقع میسر آئے۔ طلبہ کو امریکہ میں جاری لائیو کلاسز میں بھی شامل کیا گیا، جہاں انہیں بین الاقوامی اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ براہِ راست رابطے اور تبادلہ خیال کا موقع ملا اور انہوں نے حقیقی وقت میں عالمی تعلیمی ماحول کا تجربہ حاصل کیا۔کورسز کامیابی سے مکمل کرنے پر شریک طلبہ کو میزبان ادارے کی جانب سے اسناد بھی عطا کی گئیں۔ یہ منصوبہ یونیورسٹی کی متعلقہ انتظامیہ سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
یہ اشتراک شعبہ سوشل ورک کے عالمی تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے اور طلبہ کے تعلیمی تجربات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ منصوبے کی کامیاب تکمیل وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی متحرک قیادت اور بصیرت افروز ویژن کا بھی مظہر ہے، جن کی سرپرستی اور حمایت کے باعث پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی مواقع مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭