غزہ(انٹرنیشنل نیوز)نئی سیٹلائٹ تصاویر میں جنوبی غزہ کے وسیع علاقوں میں ہونے والی تباہی نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے، جہاں متعدد رہائشی علاقے، زرعی زمینیں، تعلیمی ادارے اور قبرستان شدید نقصان کا شکار نظر آتے ہیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اپ ڈیٹ ہونے والی فضائی اور سیٹلائٹ تصاویر میں جنوبی غزہ کے شہروں رفح اور خان یونس کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ کئی رہائشی بستیاں اور اہم عوامی مقامات اب نقشے پر اپنی سابقہ شکل میں موجود نہیں رہے۔رپورٹ کے مطابق خان یونس کے علاقے معن میں واقع شیخ محمد قبرستان بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جنگی کارروائیوں کے بعد اس علاقے کی جغرافیائی صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔
سیٹلائٹ تصاویر میں رفح کے مختلف محلوں، رہائشی منصوبوں اور سرحدی تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہوا دکھایا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں صرف ملبے کے ڈھیر اور تباہ شدہ عمارتوں کے آثار باقی رہ گئے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزہ کے تعلیمی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ متعدد اسکولوں اور جامعات کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ ہزاروں طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں طویل عرصے سے معطل ہیں۔