اسلام آباد (سپورٹس نیوز)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا ء نے کہاہے کہ ورلڈ کپ دباو ، جذبات اور یادیں ایک ساتھ لے کر آتے ہیں اور ان سب چیزوں کا حصہ بننا کرکٹرز کا خواب ہوتا ہے۔
فاطمہ ثنا نے آئی سی سی کے کالم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اور پرجوش ہیں، انگلینڈ میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ عالمی سطح پر مہارت دکھانے کا ایک اور موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز تھا، ایک مرتبہ پھر ٹورنامنٹ میں قیادت کرنے کے لیے پرجوش ہوں، یہ ٹیم سینئر تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبی نیشن ہے، ہماری ٹیم میں میچ ونرز ہیں۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ ہمارے پاس منیبہ علی، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال جیسی تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے والی کھلاڑی ہیں، ٹیم اب پہلے سے بہتر انداز میں سمجھتی ہے کہ دباو میں کیسے کھیلنا ہے، مواقع سے کیسے فائدہ اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ نے ویمن کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا کام کیا ہے، اس فارمیٹ سے ویمن کرکٹرز کی انرجی اور تفریح میں اضافہ ہوتا ہے، اس سے ان کی توجہ کھیل پر بڑھنے سے ان کے لیے زیادہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔فاطمہ ثنا نے کہا کہ ویمن ٹی 20 کرکٹ دیکھنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
٭٭٭٭٭