امریکی طیارہ

ایران کے فضائی دفاعی نظام نے بوشہر کے قریب امریکی طیارہ تباہ کر دیا،ایرانی میڈیا کا دعوی،سینٹ کام کی تردید

تہران(انٹرنیشنل نیوز) ایرانی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے بوشہر میں دشمن طیارہ مار گرایا ہے۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے ساحلی صوبے بوشہر میں فضائی دفاعی نظام نے ایک دشمن طیارے کو تباہ کر دیا ہے۔امریکی حکام کی جانب سے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ضلع جام کے گورنر نے بتایا کہ گزشتہ رات پیش آنے والا واقعہ ایک دشمن طیارے کو مار گرانے سے متعلق تھا، شہر کی صورتحال اب معمول کے مطابق ہے۔

ادھرامریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی صوبے بوشہر کے قریب کوئی امریکی طیارہ تباہ نہیں ہوا ۔بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے تمام فضائی اثاثے محفوظ ہیں۔اس سے قبل ایران کے شہر بوشہر میں دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔بعد ازاں ایرانی میڈیا نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے طیاروں کو نشانہ بنانے کے باعث سنائی دی۔دریں اثنا ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہازوں پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی خبر ایجنسی فارس کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہازوں پر بیلسٹک میزائل فائر کیے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے یہ حملے ایران کے جنوبی علاقے سے کیے گئے۔

حملے پہلے سے طے کردہ اہداف پر کیے گئے۔دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی مسلح افواج نے ایران کے جنوبی علاقوں سے چند مخصوص اہداف کی جانب میزائل فائر کیے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی تازہ کشیدگی کے درمیان انجام دی گئی، لیکن متعلقہ حکام کی طرف سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں