ڈونلڈ ٹرمپ

ایران جنگ ، ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت غیر یقینی

واشنگٹن(انٹرنیشنل ںیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اپنے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت کی کوشش کروں گا تاہم ایران جنگ کی صورتِ حال کے باعث یہ وقت میرے لیے اچھا نہیں ہے۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اس ہفتے کے اختتام پر بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے دوسری شادی کریں گے۔

گزشتہ روز اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے بیٹے کی خواہش ہے کہ میں اس کی شادی میں شریک ہوں لیکن اس وقت ایران جنگ اور دیگر معاملات میری ترجیح ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں شرکت کی کوشش کروں گا، یہ ایک چھوٹی نجی تقریب ہو گی لیکن یہ میرے لیے اچھا وقت نہیں کیونکہ ایران کا معاملہ چل رہا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ اگر میں شادی میں جاتا ہوں تو میڈیا تنقید کرے گا اور اگر نہیں بھی جاتا تب بھی میڈیا میں مجھ پر تنقید ہو گی۔

انہوں نے امید اور خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی ازدواجی زندگی خوش گوار رہے گی۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹیو نائب صدر ہیں اور اپنے والد کے میگا سیاسی ایجنڈے کے سرگرم حامی سمجھے جاتے ہیں، وہ اکثر اپنے والد کے ہمراہ مختلف سیاسی اور عوامی تقریبات میں بھی نظر آتے ہیں۔گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کہا تھا کہ میں کسی دن صدارتی انتخاب میں حصہ لے سکتا ہوں جبکہ ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری اور آخری صدارتی مدت جنوری 2029 تک جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں