اسلام آباد (کورٹ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بجلی کی بندش کے باعث عدالتی امور شدید متاثر ہوگئے، دو گھنٹے کی بندش کے بعد بجلی بحال کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بجلی معطل ہونے کے باعث عدالتوں میں اندھیرا چھا گیا۔
کچھ عدالتوں میں اندھیرے میں موبائل ٹارچ کی روشنی میں ارجنٹ کیسز کی سماعت کی گئی۔کچھ کیسز بغیر کاروائی لفٹ اوور ہو گئے جن کی نئی تاریخ دوبارہ مقرر ہوگی، بجلی نہ ہونے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی دیگر برانچوں کا کام بھی ٹھپ ہو کے رہ گیا تھا۔بجلی نہ ہونے کے باعث عدالتوں کے دروازے کھول دیے گئے جبکہ گرمی کی شدت کے سبب وکلا اور سائلین عدالتوں کے باہر انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
عدالتی عملے کو اندھیرے کی وجہ سے کورٹ کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بجلی کی بندش کے باعث کسی بھی عدالت میں سماعت کا آغاز نہ ہو سکا۔صورتحال کے پیش نظر عدالتوں کے باہر وکلا اور سائلین کا رش بڑھتا جا رہا ہے، جس سے مزید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔