لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں کاہنہ کے علاقے میں نوجوان لڑکی مہروش بی بی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، سفاک شوہر ہی قاتل نکلا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لڑکی کے قتل کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹان کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کےلئے ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹان کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاکی کی بنا پر اپنی بیوی کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کر دیا تھا۔ایس پی انویسٹی گیشن شاہد نواز کے مطابق ملزم نے قتل کے بعد رات کی تاریکی میں لاش کو موٹرسائیکل پر رکھ کر روہی نالہ میں پھینک دیا۔ بعد ازاں ملزم نے بیوی کے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور متعلقہ تھانے میں اپنی بیوی کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کروا دیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاﺅ ن کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی مدد سے گرفتار ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو قتل کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جبکہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی جانب سے پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔