محکمہ تعلیم

دادو میں محکمہ تعلیم کا انوکھا اسکینڈل: استاد نے ایک سال میں 263 دن کی چھٹیاں لے لیں

دادو(نیوز ڈیسک)ضلع دادو کے محکمہ تعلیم میں ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جہاں ایک سرکاری اسکول میں تعینات استاد کی جانب سے ایک سال میں 263 دن کی غیر معمولی چھٹیاں لینے کا انکشاف ہوا ہے، جس نے تعلیمی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسکول میں تعینات استاد وقاص احمد نے مبینہ طور پر نوکری کا چارج سنبھالنے کے صرف 10 دن بعد ہی مسلسل غیر حاضری اختیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ استاد نے پورے سال میں مجموعی طور پر 263 دن کی چھٹیاں لیں، جس سے اسکول کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ متعلقہ استاد گزشتہ 15 دنوں سے بھی بغیر کسی پیشگی اطلاع یا اجازت کے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہے۔

صورتحال اس وقت مزید مشکوک ہو گئی جب اسکول کے سرکاری ریکارڈ میں مذکورہ استاد کی سروس بک بھی موجود نہیں پائی گئی، جس پر انتظامی کارکردگی اور مبینہ غفلت کے حوالے سے سوالات اٹھ گئے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ اس غیر معمولی صورتحال کے باعث اسکول میں تدریسی عمل بری طرح متاثر ہوا ہے اور طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہے۔علاقائی تعلیمی حلقوں اور مقامی شہریوں نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ معاملہ مبینہ طور پر محکمہ تعلیم کے اندر موجود انتظامی خامیوں اور نگرانی کے نظام کی کمزوری کو بھی ظاہر کرتا ہے، جس کے باعث ایک استاد کے اس قدر طویل غیر حاضری کے باوجود کوئی موثر کارروائی نہیں ہو سکی۔مقامی سطح پر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں