نئی دہلی(انٹرنیشنل نیوز )فالس فلیگ کی مکروہ تاریخ رکھنے والی مودی حکومت کے گودی میڈیا کا پاکستان مخالف من گھڑت بیانیہ پھر بے نقاب ہوگیا۔گودی میڈیا نے جالندھر میں ملٹری کیمپ کے باہر دھماکے کا الزام بغیر تحقیقات اور شواہد کے پاکستان پر دھر دیا، بھارت نے جالندھر دھماکے میں ایک نام نہاد ملزم کو گرفتار کر کے اس کا تعلق پاکستان سے جوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا کہ جالندھر آئی ای ڈی دھماکہ پاکستان سے کال آنے پر ہوا، گرفتار ملزم بھارتی پنجاب کا رہائشی ہے۔گودی میڈیا نے مودی کی ایما پر اندرونی خلفشار کو چھپانے کیلئے نام نہاد ملزم کا نام بھی شہزاد بھٹی بتایا۔ماہرین کے مطابق بھارت میں جاری خانہ جنگی کی صورتحال کو چھپانے کیلئے مودی حکومت ہمیشہ الزام پاکستان پر دھر دیتی ہے، توانائی بحران، مہنگائی اور دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن اور پاکستان پر الزام تراشی بی جے پی حکومت کا وطیرہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا جالندھر بم دھماکے میں پاکستان کو ملوث کرنا دراصل فالس فلیگ کا تسلسل ہے جسے دنیا یکسر مسترد کر چکی ہے، عوامی حلقوں میں بھی یہ بات عام ہو چکی ہے کہ مودی حکومت انتخابات جیتنے سے لے کر اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کرتی ہیں۔