کانز (شوبز ڈیسک) فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول 2026 کے موقع پر لوریل پیرس نے اپنے عالمی برانڈ ایمبیسیڈرز کے بڑے پوسٹرز لگائے تاہم ان میں بالی ووڈ سٹار ایشوریا رائے بچن کا پوسٹر غائب ہونے پر ان کے مداح پریشان ہوگئے۔ایشوریا رائے 2003 سے لوریل کی گلوبل ایمبیسیڈر ہیں اور 2002 سے مسلسل کانز کے ریڈ کارپٹ کی زینت بن رہی ہیں اس سال کے پوسٹرز میں نظر نہیں آئیں۔
پوسٹرز میں عالیہ بھٹ، وائلا ڈیوس، ایوا لونگوریا اور ہیلن میرن جیسے نام شامل تھے، لیکن مداحوں کو اپنی پسندیدہ اداکارہ ایشوریا رائے کہیں دکھائی نہیں دیں۔برانڈ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جب ایشوریا کا پوسٹر غائب پایا گیا تو انٹرنیٹ صارفین نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
ایک صارف نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ایشوریا رائے بچن کہاں ہیں؟ ہم کانز کے دوران صرف انہیں ہی دیکھنا چاہتے ہیں، ان کی شخصیت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، براہ کرم انہیں مزید پروموٹ کریں۔مداحوں کے اس احتجاج کو دیکھتے ہوئے لوریال پیرس نے خاموشی توڑ دی اور ایک تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال در سال، کانز در کانز، وہ کبھی کمی محسوس نہیں ہونے دیتیں۔برانڈ کے ان جوابات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ایشوریا رائے اس سال بھی ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گی۔