بیروت،غزہ،ابوظہبی(انٹرنیشنل ڈیسک ) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری حملوں میں مزید 13 افراد شہید ہوگئے۔لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 13 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک فوجی، ایک بچہ اور 2 امدادی کارکن شامل ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ نبطیہ شہر پر اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، جن میں سول ڈیفنس کے 2 ریسکیو اہلکار شامل تھے۔اس کے علاوہ جبشیت کے قریب ایک اور حملے میں 4 افراد مارے گئے، جن میں ایک فوجی اور ایک شامی شہری شامل ہے۔اسی طرح بنت جبیل میں ہونے والے تیسرے حملے میں 4 عام شہری ہلاک ہوئے، جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل پر 25 حملے کرنے کا دعوی کیا، العباد میں ڈرون جیمنگ سسٹم، گاڑیاں اور مرکاوا ٹینک تباہ ہوگئے، ہولا اور البیاضہ میں گھروں کے اندر اسرائیلی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ ادھر فلسطین میں بھی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی سفاکیت جاری رہی، اسرائیلی فوج نے غزہ اور مغربی کنارے میں 2 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔نصیرات کیمپ میں شہریوں کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ سے تعلق پر 16 افراد کو دہشتگرد قرار دے دیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق حزب اللہ سے منسلک 5 ادارے بھی دہشتگردی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔اماراتی کابینہ نے فیصلے کے تحت مشتبہ مالی روابط والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، متعلقہ افراد اور اداروں کے اثاثے 24 گھنٹوں میں منجمد کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔