پنکی

منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ پنکی کاتین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج

کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی میں منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ۔ ڈی آئی جی ساﺅ تھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ مل گیا۔ڈی آئی جی ساﺅ تھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے ملزمہ کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی، ملزمہ کو بدھ کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کہ عدالت کے روبرو ملزمہ کے جسمانی ریماند کی دوبارہ استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے ملزمہ کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ جسمانی ریمانڈ کی منظوری کے بعد پولیس ملزمہ کو عدالت سے لیکر روانہ ہو گئی۔پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ انمول عرف پنکی پر ماضی میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی اکٹھی کرلی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی پر اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف ) نے بھی ملزمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کراچی گارڈن ویسٹ میں خاتون کے قبضے سے پستول برآمد ہوئی، ملزمہ برآمد اسلحہ کا لائسنس پیش نہ کر سکی۔دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف ) نے بھی ڈرگ کوئن انمول پنکی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ رپورٹ کے مطابق ڈرگ کوئن انمول عرف پنکی اینٹی نارکوٹکس فورس کو بھی مطلوب نکلی ہے، جس اے این ایف نے اسے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انمول عرف پنکی اے این ایف کے 2 مقدمات میں نامزد ہے، ملزمہ انمول کے خلاف پہلا مقدمہ یکم ستمبر 2019 میں درج کیا گیا تھا، اے این ایف کو 2019 میں انمول عرف پنکی کی ہدایت پر منشیات ڈیلیوری کی اطلاع ملی تھی۔اے این ایف کی چھاپا مار ٹیم نے بلال چورنگی کورنگی انڈسٹریل ایریا سے پنکی کے خاص کارندوں نسیم بی بی اور محمد کامل نامی ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا تھا، جن سے بھاری مقدار میں کوکین اور چرس برآمد ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ پنکی کو گارڈن میں رہائشی عمارت کےفلیٹ سے گرفتارکیا گیا تھا، خبر سامنے آنے پر مالک مکان نے فلیٹ خالی کرنے کا کہہ دیا۔فلیٹ میں رہنے والے خاندان کا کہنا ہے کہ جس فلیٹ کا پتہ مقدمے میں ڈالا گیا، وہاں 8 سال سے کرائے پر رہائش پذیرہیں لیکن وہ انمول عرف پنکی کو نہیں جانتے۔ پولیس کا دعوی ہےکہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے پستول،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور ملزمہ شہر میں منشیات ڈیلنگ و سپلائی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہی تھی۔ملزمہ آن لائن منشیات کو مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی، اس کے علاوہ وہ خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کرتی تھی۔ دریں اثنا ڈرگ کوئن انمول پنکی نے اپنی گرفتاری سے قبل ہی اپنا جانشین مقرر کرلیا تھا، ملزمہ کی جانب سے اس حوالے سے آڈیو میسج کے ذریعے تمام کلائنٹس کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے جانشین مقرر کرنے کے حوالے سے آڈیو میسج ریکارڈ کروا دیا تھا کہ اگر میرے ساتھ کچھ ہو جاتا ہے تو میرے اسی نمبر سے کام چلتا رہے گا۔ملزمہ انمول پنکی کا آڈیو میں کہنا تھا کہ میرے اسی نمبر سے آپ کیساتھ ایک جینٹس رابطے میں ہوں گے، میرے بعد کام سنبھالنے والا میرا دوست ہوگا وہ تمام معاملات بتادے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں