ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارجنید خان نے اپنی تازہ ترین فلم ایک دن کی ناکامی پر اعتراف کیا کہ اس پروجیکٹ میں انہوں نے ایک غلطی کی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فلم ایک دن مجھے بہت پسند تھی اور مجھے واقعی اسے کرنے میں لطف آیا۔ مجھے لگتا ہے کہ بہت سے لوگوں کو بھی یہ فلم پسند آئی، لیکن شاید زیادہ تر لوگوں کو یہ متاثر نہیں کرسکی۔
جب جنید سے پوچھا گیا کہ ان کے والد عامر خان اس ناکامی کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟ تو انہوں نے بتایا کہ عامر خان اپنی بنائی ہوئی فلموں سے بہت زیادہ جذباتی لگاﺅ رکھتے ہیں اور انہیں ان کے نتائج قبول کرنے میں وقت لگتا ہے۔جنید کے مطابق ان کے والد اب بھی پرامید ہیں اور اتنے سال اس صنعت میں گزارنے کے باوجود فلم کی ناکامی انہیں آج بھی پریشان کرتی ہے، لیکن وہ خود کو مصروف کر لیتے ہیں اور دوبارہ نئے عزم کے ساتھ کام شروع کر دیتے ہیں۔
جنید خان نے ایک دلچسپ انکشاف یہ بھی کیا کہ وہ اب اپنے والد کو اپنی فلمیں پروڈیوس نہیں کرنے دیں گے۔جنید نے مزید وضاحت کی کہ عامر خان ایک بہترین پروڈیوسر ہیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک فلم مکمل ہونے میں پانچ سال لگ جائیں گے۔