اسلام آباد(ہیلتھ رپورٹر)نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 مئی سے خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، جو 24 مئی تک جاری رہے گی۔نیشنل ای او سی کے اعلامیہ کے مطابق مہم کے دوران ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا ﺅکے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اس قومی مہم میں فرائض سرانجام دیں گے۔
ای او سی کا کہنا ہے کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جائے گی تاکہ وائرس کے پھیلا ﺅکو موثر انداز میں روکا جا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 10 مخصوص اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار، سندھ کے 20 اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار، خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار جبکہ بلوچستان کے 25 اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کا خیر مقدم کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔