مصری صدر

مصری صدر کی فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات، خطے کی صورتحال، غزہ بارے تبادلہ خیال

قاہرہ(انٹرنیشنل ڈیسک)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون کے درمیان قاہرہ میں اہم ملاقات ہوئی۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماﺅ ں کے درمیان ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور غزہ میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مصری ایوانِ صدر کے مطابق یہ ملاقات قاہرہ کے شمال میں واقع نیو برگ العرب سٹی میں فرانسیسی زبان کی بین الاقوامی جامعہ سینگور یونیورسٹی کے نئے ہیڈکوارٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہوئی۔صدر السیسی نے ملاقات کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لئے مصر کی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ مزید عدم استحکام سے پورے خطے کو بچانا ضروری ہے کیونکہ اس کے اثرات علاقائی و عالمی سلامتی، تجارتی سرگرمیوں، سپلائی چین اور ٹرانسپورٹ پر مرتب ہوسکتے ہیں۔

مصری صدر نے عرب ممالک کی سلامتی اور استحکام کےلئے مصر کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کسی بھی ملک کی خودمختاری یا قدرتی وسائل میں مداخلت کو مسترد کیا۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امید ظاہر کی کہ مشرقِ وسطی میں جاری بحرانوں کا جلد پرامن حل نکالا جائے گا تاکہ خطے میں امن اور استحکام بحال ہوسکے۔دونوں رہنماں نے لبنان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے، ملاقات میں بحیرہ روم سے ملحق ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں