لاہور (شوبز رپورٹر) معروف اداکار نعمان مسعود نے حکومت سے ایک اہم اپیل کر دی۔نعمان مسعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ریسٹورینٹس کے رات دیر تک کھولے رہنے پر عائد پابندی کی وجہ سے درپیش مسائل کی طرف حکومت کی توجہ دلانے کی کوشش کی ہے۔
اداکار نے کہا جب سے جنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے، ہم لوگ گزشتہ 2 مہینوں سے بہت سارے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے ہوں یا بڑے تمام ریسٹورنٹس میں عملہ ہوتا ہے لیکن جب سے یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں ریسٹورینٹس کے مالکان پریشانی کا شکار ہیں۔اداکار نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مہنگائی عروج پر ہے، ہم اور ہمارے ملازمین بہت پریشان ہیں کیونکہ پہلے تو ہم ان کے مسائل بھی حل کر دیتے تھے لیکن آج کل ہم بامشکل انہیں صرف تنخواہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ مہربانی تھوڑا سا اس مسئلے پر غور کر لیں۔