لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور کی اسپیشل سینٹرل کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے خلاف 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اسپیشل جج سینٹرل ون لاہور نے شہبازشریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے خلاف شوگر مل کے ذریعے 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔
سلیمان شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ بریت کی درخواستوں پر سماعت سے پہلے عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل سن لیں، کیس کے مرکزی ملزمان شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت بری کر چکی ہے، اس وقت موجود ملزمان پرائیویٹ افراد ہیں، اینٹی منی لانڈرنگ کا کوئی شیڈول عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،
فرانزک ٹیسٹ کے بعد کسی ٹرانزیکشن کا تعلق مجرمانہ کاروائی سے نہیں ہے، عدالت کے سامنے مختلف عدالتی فیصلے پیش کئے گئے۔ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ موجودہ ملزمان سیاسی اور پبلک آفس ہولڈر نہیں ہیں، ملزمان کے وکیل کے دائرہ اختیار کے حوالے سے دئیے گئے دلائل کو سپورٹ کرتا ہوں، ملزمان پر جرم ثابت نہیں ہوسکا، مجرمانہ فعل کی بات نہیں کر رہا لیکن عدالتی دائر اختیار پر ملزمان کے وکیل کی تائید کرتا ہوں، ملزمان پر قانونی کارروائی نہیں بنتی۔بعدازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر عدالت کے دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔