واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے۔فاکس نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے کا اختتام اس طرح ہو گا کہ امریکا زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہو گا، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال دوبارہ ایسی ہو جائے گی جہاں تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کے لئے مستحکم رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ایرانی بعض اوقات ایسے وعدے کرتے ہیں جنہیں وہ پورا نہیں کرتے، وہ معاہدے کرتے ہیں لیکن پھر ان پر عمل نہیں کرتے۔ایران کے معاملے میں اتار چڑھاﺅ کے متعلق سوال پر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکا کے پاس اپنے مقاصد حاصل کرنے کےلئے بہت سے ذرائع موجود ہیں، بعض اوقات ہم توانائی کے پہلو پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ تیل اور گیس کی قیمتیں امریکی عوام کی پہنچ میں ہوں۔ بعض اوقات ہماری توجہ اس کے عسکری پہلو پر ہوتی ہے اور بعض اوقات ایران کے جوہری پروگرام پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔
جی ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وسائل کو بہت سوچ سمجھ کر اور حکمتِ عملی کے تحت استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ نتائج حاصل کیے جا سکیں جو امریکی صدر امریکی عوام کے لئے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔وینس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے دو اہداف ہیں، تیل اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا، میرے خیال میں ہم ان دونوں مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو رہے ہیں۔