لاہور(کرائم رپورٹر)مانگا منڈی میں خاتون کرن کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ایس پی انویسٹی گیشن صدر کے مطابق کرن کے قتل کیس میں گرفتار ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے، پولیس تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ مقتولہ کی سوتن ہی اس قتل کی مرکزی ملزمہ ہے، اور مقتولہ و مرکزی ملزمہ ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے بتایا کہ ملزمہ نے معمولی تلخ کلامی پر دیگر ملزمان کو گھر بلوایا اور ان سے فائرنگ کروائی، جس کے نتیجے میں کرن جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس کاہنہ نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہری طاہر مشتاق کے گھر سے غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان چوری کا معما بھی حل کر لیا ہے اور 3 خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان سے شہری کے گھر سے چوری کیے گئے 25 لاکھ روپے نقد برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاﺅن کے مطابق ملزمان گھروں میں کم تنخواہ پر کام کرتے تھے اور گھر والوں کی عدم موجودگی میں نقدی اور قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔