غزہ، بیروت(انٹرنیشنل نیوز )غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے ضلع صور میں بھی ایک بار پھر بمباری کرتے ہوئے سرحدی قصبوں مجدل زون اور المنصوری کو نشانہ بنایا ہے ۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید اور 14 زخمی ہوئے ہیں، متعدد افراد کی لاشیں اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہیں، تاہم ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل حملوں کے باعث انہیں نکالنے سے قاصر ہیں۔
وزارت کے مطابق 11 اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے بعد اب تک 1,207 افراد شہید، 3,914 زخمی جبکہ 803 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں۔وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 73 ہزار 333 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے ضلع صور میں پھر بمباری کی ہے جس میں سرحدی قصبوں مجدل زون اور المنصوری کو نشانہ بنایا ہے۔ تازہ دھماکے اسی روز ان علاقوں اور بنت جبیل میں عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لئے طے پانے والے فرم ورک معاہدے کے باوجود اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔