سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کی اغوا کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست نمٹا دی

کراچی(کورٹ نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کی اغوا کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر کے نمٹا دی ۔ سندھ ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے اور اغوا کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ لڑکی کی عمر اور نکاح کی قانونی حیثیت سے متعلق تنازعات آئینی درخواست میں طے نہیں کیے جا سکتے۔عدالت کے مطابق نکاح کی حیثیت اور فوجداری ذمے داری کا تعین ٹرائل کورٹ شواہد کی بنیاد پر کرے گی۔عدالت نے کہا کہ مقدمے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور عبوری چالان جمع کروایا جا چکا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سرکاری حکام کسی بھی فریق کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ اگر کسی بھی فریق کو جان یا آزادی کا خطرہ لاحق ہو تو اسے مناسب تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں