وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

دانش سکولوں میں بلوچستان کے بچوں کےلئے کو ٹہ میں اضافہ، بنگلہ دیشی طلبا کےلئے بھی خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت دانش سکولز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دانش سکول منصوبے سے متعلق اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم نے میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی دانش سکولز کی دو طالبات کو بھی خصوصی طور پر شریک کیا اور مشاورتی امور میں ان کی آرا حاصل کیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دانش سکولوں میں بلوچستان کے بچوں کے لئے کوٹہ بڑھایا جائے گا، جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر بنگلہ دیش کے طلبا کےلئے بھی خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بنگلہ دیش سے طلبا آئندہ سال دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آئیں گے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول پراجیکٹ کے تحت خصوصی کوٹے پر دیگر صوبوں کے تقریبا 1100 بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ بیکن ہاس یونیورسٹی میں دانش سکولز کے 110 طلبا مکمل سکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکولوں میں ششم سے نہم جماعت تک کے طلبا کے لئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نصاب متعارف کرا دیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ دانش سکولز کے طلبا کےلئے گلوبل سکالرشپ کا موثر میکنزم تیار کیا جائے تاکہ انہیں عالمی سطح پر مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اجلاس میں میانوالی، ڈی جی خان، فاضل پور، عارف والا اور پھولنگر میں زیر تعمیر دانش سکولوں کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ دانش سکول پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں