تہران(انٹرنیشنل نیوز)ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہاہے کہ دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر پر امریکی حملہ ایران کے پرامن انفراسٹرکچر پر ایک خطرناک حملہ ہے۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور عدم استحکام کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری مکمل طور پر امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اس جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔گذشتہ روز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اعلان کیا تھا کہ اس نے دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔