پاسداران انقلاب

کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاسداران انقلاب

تہران(انٹرنیشنل نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کی ایرو اسپیس فورس نے کویت میں دو فوجی فضائی اڈوں پر حملے کیے، جن میں ایندھن کے ذخائر، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ایک اہم ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے ایران کے اس فوجی آپریشن کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہیں، جسے آنکھ کے بدلے آنکھ کی حکمت عملی قرار دیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا کی فوجی مداخلت کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ اگر امریکا نے آبنائے ہرمز میں اپنی فوجی سرگرمیاں جاری رکھیں تو ایران مزید جوابی اقدامات کرے گا۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایران اس اہم بحری گزرگاہ میں غیر ملکی فوجی موجودگی کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔دوسری جانب ایرانی فوج نے بحرین میں واقع شیخ عیسی ایئر بیس پر بھی حملے کا دعوی کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کارروائی میں ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی تنصیبات، ایک ہینگر جہاں امریکی پی-8 طیارہ موجود تھا، اور امریکی ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے امریکی فوجی کارروائیوں کے جواب میں کیے گئے ہیں اور جب تک امریکا اپنی کارروائیاں بند نہیں کرتا، ایران کی جوابی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں