لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز سے وارداتیں کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔چوکی چلڈرن اسپتال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسپتال سے ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مختلف اوقات میں چلڈرن ہسپتال آنے کے لیے آن لائن ٹیکسی بک کرتا تھا۔
ملزم مطلوبہ مقام پر پہنچنے کے بعد کال کا بہانہ بنا کر ڈرائیور کا موبائل فون لے کر فرار ہو جاتا تھا۔ اس کے علاوہ ملزم چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین سے بھی چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو ہسپتال سے باہر جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاﺅن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم تنویر چوری، ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔