امریکا

اسرائیل نے امریکا ایران معاہدے کی ناکامی کی تیاری کرلی

تل ابیب (انٹرنیشنل نیوز)اسرائیلی سکیورٹی اداروں کا اندازہ ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات انتہائی کم رہ گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسی خدشے کے پیش نظر اسرائیلی فوج نے اپنی عسکری تیاریوں میں اضافہ کرتے ہوئے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے منصوبوں کو مزید وسعت دے دی ہے۔اسرائیلی میڈیا نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ فوجی کشیدگی اور دونوں ممالک کے درمیان حملوں کے تبادلے کے بعد واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج مسلسل آپریشنل منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ایران کے اندر ممکنہ اہداف کی فہرست کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، تاکہ اگر سیاسی قیادت عسکری کارروائی کا فیصلہ کرے یا ایران کی جانب سے براہ راست حملہ ہو تو فوری ردعمل دیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی بھی حملے کا جواب بڑے پیمانے پر دیا جائے گا اور اس حوالے سے امریکا کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فوج تمام ضروری تیاریاں مکمل کر چکی ہے اور سیاسی منظوری ملنے پر پہلے سے زیادہ وسیع اور موثر کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں